اراکین پارلیمنٹ کی 'تنخواہ، بھتے اور پنشن کے ترمیمی بل 2020' پر پارلیمنٹ کی مہر - Bill passed in Rajya Sabha
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب مالی مشکلات کے پیش نظر اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 30 فیصد تخفیف کرنے سے متعلق "اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ، بھتے اور پنشن (ترمیمی) بل 2020" پر جمعہ کے روز پارلیمنٹ کی مہر ثبت ہوگئی۔
راجیہ سبھا نے آج مختصر بحث کے بعد اسے منظور کر لیا جبکہ لوک سبھا نے پہلے ہی اس کو منظور کر لیا تھا۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اس ترمیمی بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بحران کے اس وقت میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے وقت حکومت کو پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے اور پارلیمنٹ کو اپنے اخراجات میں کمی کرکے اس سلسلے میں مثال قائم کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کا ہے اور اس وقت ہر مرحلے پر حکومت کو اس وبا سے لڑنے کے لئے رقم کی ضرورت ہے۔ ایم پی فنڈ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ عارضی ہے اور بعد میں اسے بحال کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے تمام وزراء کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کورونا وائرس کے معاملے میں کوئی سیاست نہ کریں۔
حکومت کورونا وائرس کو شکست دینا چاہتی ہے اور اسے صرف اجتماعی تعاون سے ہی شکست دی جاسکتی ہے، اس لیے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔