نئی دہلی:پارلیمنٹ کا پانچ روزہ خصوصی اجلاس آج سے شروع ہو گیا ہے۔ یہاجلاس پرانے پارلیمنٹ ہاؤسمیں شروع ہوا۔ اس دوران ارکان پارلیمنٹ پرانے پارلیمنٹ ہاؤس کی 75 سالہ تاریخ پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ 19 ستمبر کے شب بروز منگل کو پوجا اور پوری رسومات کے بعد پرانے پارلیمنٹ ہاؤس سےنئے پارلیمنٹ ہاؤسمیں ارکان پارلیمان داخل ہوں گے۔ اس کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ اسی دوران پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں اتوار کو پرچم کشائی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔پی ایم مودی نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران لوک سبھا سے خطاب کیا۔ اس دوران انہیں پرانے پارلیمنٹ ہاؤس کی تاریخ یاد آئی۔ انہوں نے کہا کہ پرانا پارلیمنٹ ہاؤس بھی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ جی 20 کی کامیابی سے ملک کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا، 'ہم سب اس تاریخی عمارت کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ آزادی سے پہلے یہ ایوان امپیریل لیجسلیٹو کونسل کی جگہ تھا۔ آزادی کے بعد اسے پارلیمنٹ ہاؤس کی شناخت ملی۔ یہ درست ہے کہ اس عمارت کی تعمیر کا فیصلہ غیر ملکی حکمرانوں نے کیا، لیکن ہم کبھی نہیں بھول سکتے اور فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اس کی تعمیر میں جو محنت، مشقت اور پیسہ لگا وہ میرے ہم وطنوں کا تھا۔
پی ایم مودی نے لوک سبھا میں کہا کہ، 'پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ یہ کسی عمارت پر حملہ نہیں تھا۔ ایک طرح سے یہ جمہوریت کی ماں، ہماری زندہ روح پر حملہ تھا۔ وہ واقعہ کبھی نہیں بھول سکتا۔ میں ان لوگوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے پارلیمنٹ اور اس کے تمام اراکین کی حفاظت کے لیے اپنے سینے پر گولیاں کھائیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ 'آج تمام بھارتیوں کی کامیابیوں کی ہر جگہ چرچہ ہو رہی ہے۔ یہ ہماری پارلیمنٹ کی 75 سالہ تاریخ میں ہماری متحدہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ چندریان -3 کی کامیابی نے نہ صرف دنیا کو بھارت پر فخر کرنے کا موقع دیا بلکہ اس سے بھارت کی طاقت کا ایک نیا روپ سامنے آیا ہے جو ٹیکنالوجی، سائنس، ہمارے سائنسدانوں کی صلاحیت اور ملک کے 140 کروڑ لوگوں کی طاقت سے جڑا ہوا ہے۔ میں ایک بار پھر اپنے سائنسدانوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
پانچ اہم بل پیش کیے جائیں گے:
بتایا جا رہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پانچ بڑے بل پیش کیے جائیں گے۔ اس میں بنیادی طور پر پوسٹ آفس بل 2023 اور چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کی تقرری سے متعلق بل پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایڈوکیٹس ترمیمی بل 2023 اور پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریاڈیکلس بل 2023 لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ دونوں بل راجیہ سبھا سے پاس ہو چکے ہیں۔
نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں 19 ستمبر سے کام شروع ہوگا:
نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں منگل یعنی 19 ستمبر سے کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ نئی عمارت بالکل بدلی ہوئی نظر آئے گی۔ یہاں بہت سی چیزیں نئے رنگ میں نظر آئیں گی، ملازمین کا لباس بھی بدلا ہوا نظر آئے گا۔