نئی دہلی: دونوں ایوانوں کے 140 اراکین کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے آج یعنی جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک پر احتجاجی مارچ نکالا۔ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے کی قیادت میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک پیدل مارچ کیا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے ایک بڑا بینر اٹھا رکھا تھا جس پر 'جمہوریت بچاؤ' لکھا ہوا تھا۔ کھرگے نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ایوان کے باہر پارلیمنٹ سے متعلق مسائل پر بات کر رہے ہیں، جو کہ استحقاق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارا احتجاج معطلی کے خلاف ہے۔ حکومت اور مودی جی نہیں چاہتے کہ ایوان کی کاروائی چلے۔ کھرگے نے کہا کہ لوک سبھا میں ہم پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں سنگین خلاف ورزی کے واقعہ سے متعلق مسئلہ اٹھانا چاہتے تھے کہ یہ کیوں ہوا، کیسے ہوا اور اس کے لئے کون ذمہ دار ہے؟۔ ہم چاہتے تھے کہ حکومت اس بارے میں ایوان کو بتائے۔ ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ دونوں ایوان میں نہیں آئے۔ جو باتیں ایوان میں کہنی ہیں وہ باہر کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معطلی کے معاملے پر اپوزیشن رہنما جمعہ کو جنتر منتر پر احتجاج کریں گے۔