نئی دہلی: پلول سے نئی دہلی آنے والی ای ایم یو اتوار کی صبح دہلی کے پرگتی میدان کے قریب پٹری سے گر گئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ٹرین کی بوگی کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد کئی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ ٹرینوں کو دوسرے راستے سے منزل تک پہنچایا گیا جس کی وجہ سے ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
پلول نئی دہلی EMU (04921) اتوار کی صبح 7:55 پر معمول کے مطابق نئی دہلی کے لیے پلول سے روانہ ہوئی۔ یہ ٹرین بلبھ گڑھ، فرید آباد، تغلق آباد، اوکھلا، حضرت نظام الدین، تلک برج، شیواجی برج سے ہوتی ہوئی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچتی ہے۔ ٹرین اتوار کی صبح تقریباً 9:47 بجے پرگتی میدان کے قریب پٹری سے اتر گئی۔ چونکہ چھٹی کا دن تھا، اس لیے ٹرین میں بھیڑ کم تھی۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ٹرین میں سوار مسافر کافی خوفزدہ ہو گئے۔ معذور افراد کے لیے مختص کوچ کو بری طرح نقصان پہنچا۔ اطلاع ملنے پر ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے۔ ٹرین کو روٹ سے ہٹا کر ٹریک کی مرمت کا کام کیا جائے گا۔
دیگر ٹرینوں کا آپریشن متاثر
پٹڑی سے اترنے کے بعد حضرت نظام الدین سے نئی دہلی آنے والی دیگر ٹرینوں کا آپریشن بھی متاثر ہوا۔ ریلوے حکام کے مطابق دیگر ٹریکس سے ٹرینیں نئی دہلی بھیجی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے ٹرینیں کچھ تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچ رہی ہیں۔ اس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔