نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا سیکورٹی چوک کے واقعہ پر اپوزیشن کے بیانات کو اس واقعہ کی مانند خطرناک اور جمہوریت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آئندہ عام انتخابات میں جیتنے سے پورا ایوان حزب اقتدار کے ارکان سے بھر جائے گا۔
سال 2023 کے لیے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی آخری میٹنگ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے میٹنگ میں تمام بی جے پی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، یہ سال کی آخری پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کے انڈیا اتحاد کی آج کی میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'آج اتحاد کے کچھ لوگ مل رہے ہیں، ان کا مقصد حکومت کو گرانا ہے جبکہ ہم سب جو یہاں بیٹھے ہیں، ہمارا خیال بھارت کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنا ہے۔ پی ایم مودی نے بنارس میں سنکلپ ریلی میں شرکت کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ، لوگوں کے ردعمل کو دیکھ کر ہمارا اعتماد کئی گنا بڑھ گیا ہے۔