نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں یوم آئین (Boycott of Constitution Day Program) کے پروگرام کا اپوزیشن کے ذریعہ بائیکاٹ کئے جانے کو افسوسناک اور بد قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پیر کو مشترکہ طور پر ہونے والی بزنس ایڈوائزری کمیٹی اور کل جماعتی اجلاس میں تمام جماعتوں کے لیڈروں سے بات چیت کریں گے۔
برلا نے یوم آئین کے پروگرام (Constitution Day Program)کے بعد نامہ نگاروں سے غیر رسمی بات چیت میں کہاکہ 29 نومبر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن صبح مشترکہ طورپر کل جماعتی اور ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ بلائیں گے جس میں تمام جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے کے تمام موضوعات پر بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ حال ہی میں شملہ میں اختتام پذیر پریزائیڈنگ افسروں کی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ پارلیمنٹ میں صدر اور اسمبلی میں گورنروں کی تقاریر اور وقفہ سوالات کا بائیکاٹ یا رکاوٹ نہیں ڈالی جانی چاہئے لیکن یوم آئین کے پروگرام میں پھر سے وہی ہوا۔