اردو

urdu

ETV Bharat / state

Jamiat Ulama-i-Hind جمعیت علماء ہند کی طرف سے لا کمیشن آف انڈیا کو بھیجے گئے اعتراضات کا خلاصہ - یکساں سول کوڈ

جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے یکساں سول کوڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ تمام بھارتیوں کا مسئلہ ہے۔ یکساں سول کوڈ کے تعلق سے حکومت کو تمام مذاہب کے پیشواؤں اور سماجی و قبائلی گروپوں کے نمائندوں سے مشاورت کرنی چاہیے اور ان کو اعتماد میں لینا چاہیے، جمہوریت کا یہی تقاضہ ہے۔

جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے لا کمیشن آف انڈیا کو بھیجے گئے اعتراضات کا خلاصہ
جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے لا کمیشن آف انڈیا کو بھیجے گئے اعتراضات کا خلاصہ

By

Published : Jul 6, 2023, 4:53 PM IST

Updated : Jul 6, 2023, 6:07 PM IST

دہلی:جمعیت علماء ہند نے یونیفارم سول کوڈ سے متعلق اپنے اعتراضات لا کمیشن آف انڈیا کو بھیج دیے ہیں۔ جمعیت علماء ہند یکساں سول کوڈ پر اپنے اعتراضات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ایشو کو از سر نو اٹھائے جانے کو ہم سیاسی سازش کا حصہ سمجھتے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ تمام بھارتیوں کا ہے، ہمارا شروع سے یہ موقف رہا ہے کہ ہم تیرہ سو سال سے اس ملک میں اپنے مذہب پر آزادی کے ساتھ عمل کرتے آئے ہیں۔ حکومتیں آتی جاتی رہیں لیکن ہر بھارتی اپنے مذہب پر مرتا جیتا رہا۔ اس لیے ہم کسی بھی صورت میں اپنے مذہبی معاملات اور عبادات کے طور طریقہ سے سمجھوتا نہیں کریں گے اور ہم قانون کے دائرہ میں رہ کر اپنے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔


یکساں سول کوڈ آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔ سوال مسلمانوں کے پرسنل لاء کا نہیں بلکہ ملک کے سیکولر آئین کو اپنی حالت پر باقی رکھنے کا ہے۔ ہمارا پرسنل لاء قرآن وسنت پر مبنی ہے جس میں قیامت تک کوئی ترمیم نہیں ہوسکتی۔ ایسا کہہ کر ہم کوئی غیر آئینی بات نہیں کر رہے ہیں، بلکہ سیکولر آئین کی دفعہ 25 نے ہمیں اس کی آزادی دی ہے۔ یکساں سول کوڈ مسلمانوں کے لیے ناقابل قبول ہے اور ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے نقصاندہ ہے۔


یونیفارم سول کوڈشروع سے ہی ایک متنازعہ مسئلہ رہا ہے، ہمارا ملک صدیوں سے کثرت میں وحد ت کا مظہر رہا ہے جس میں مختلف مذہبی و سماجی طبقات اور قبائل کے لوگ اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن و یکجہتی کے ساتھ رہتے آئے ہیں، سب کو نہ صرف مذہبی آزادی حاصل رہی ہے بلکہ بہت سی چیزوں میں عدم یکسانیت کے باوجود ان میں نہ تو کبھی کوئی اختلاف پیدا ہوا اور نہ ہی ان میں سے کسی نے دوسرے کے مذہبی عقائد اور رسم ورواج پر کبھی کوئی اعتراض کیا۔ہندوستانی معاشرے کی یہ خصوصیت اسے دنیا کے تمام ممالک سے ممتاز بناتی ہے۔


یہ عدم یکسانیت سو دوسو سال پہلے یا آزادی کے بعد نہیں پیدا ہوئی بلکہ یہ ہندوستان میں صدیوں سے یہ موجود ہے۔ایسے میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کا کیا جواز ہو سکتا ہے؟ جب پورے ملک میں سول لاء ایک نہیں ہے تو ملک بھر میں ایک فیملی لا ء لاگو کرنے پر زور کیوں؟انہوں نے اخیر میں کہا کہ ہم ارباب اقتدار سے صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ شہریوں پر کسی فیصلے کو تھوپا نہیں جانا چاہیے،بلکہ کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے اتفاق رائے پیداکرنے کی کوشش ہونی چاہیے،تاکہ وہ فیصلہ سب کے لئے قابل قبول ہو۔یونیفارم سول کوڈ کے تناظر میں بھی ہمارا یہی کہنا ہے کہ اس پر کوئی فیصلہ لینے سے قبل حکومت ملک کے تمام مذاہب کے پیشوا اور سماجی وقبائلی گروپوں کے نمائندوں سے مشاورت کرنی چاہیے، اور انہیں اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔


جمہوریت کا یہی تقاضا ہے۔جمعیۃ علماء ہند یکساں سول کوڈ کی مخالف ہے، کیونکہ یہ آئین میں شہریوں کو دفعہ 25,26 میں دی گئی مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے سراسر منافی ہے، ہندوستان کے دستور میں سیکولرزم کے معنی یہ ہیں کہ ملک کا اپنا کوئی مذہب نہیں ہے یہ تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتا ہے مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جاتا ہے اور ملک کے ہر شہری کو مذہبی آزادی حاصل ہے ہند وستان جیسے تکثیری معاشرہ میں کہ جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن اور یکجہتی کے ساتھ رہتے آئے ہیں وہاں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی بات اتہائی حیرت انگیز ہے بلکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک خاص فرقہ کو ذہن میں رکھ کر اکثریت کو گمراہ کرنے کے لئے آئین کی دفعہ 44 کی آڑ لی جارہی ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ بات تو آئین میں کہی گئی ہے، حالانکہ خود آر آر ایس کے دوسرے سرسنچالک گرو گول والکر نے کہا کہ‘‘یونیفارم سول کوڈ بھارت کے لئے غیر فطری اور اس کے تنوعات کے منافی ہے’’۔


یہ بھی پڑھیں: Delhi Government مرکز کے آرڈیننس کو دہلی حکومت کا چیلنج، سپریم کورٹ دس جولائی کو سماعت

حقیقت یہ ہے کہ یکساں سول کوڈ کی بات رہنما ہدایات کے ضمن میں کہی گئی ہے (مشورہ دیا گیا ہے) وہیں شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت آئین میں دی گئی ہے آئین کے باب ۳ کے تحت درج بنیادی دفعات میں کسی بھی ادارہ کو خواہ وہ پارلمنٹ ہو یا سپریم کورٹ تبدیلی کا اختیار نہیں ہے، آئین تو آزادی کے بعد تیار ہوا جبکہ تاریخ بتاتی ہے کہ صدیوں سے اس ملک میں لوگ اپنے اپنے مذہبی اصول پر عمل پیرا رہے ہیں لوگوں کے مذہبی عقائد اور رواج مختلف رہے ہیں مگر ان میں کبھی کوئی اختلاف یا کشیدگی پیدا نہیں ہوئی، درحقیقت ایک مخصوص ذہنیت کے لوگ یہ کہہ کر اکثریت کوگمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یکساں سول کوڈ کی بات آئین کا حصہ ہے جبکہ ایسا بالکل نہیں ہے، ملک میں قانون وانتظام کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے تعزیرات ہند کی دفعات موجود ہیں ان کے تحت ہی مختلف جرائم کے لئے سزائیں دی جاتی ہیں اور ان کے دائرہ میں ملک کے تمام شہری آتے ہیں، البتہ ملک کی اقلیتوں، قبائل اور بعض دوسری برادریوں کو مذہبی وسماجی قانون کے تحت آزادی دی گئی ہے کیونکہ مذہبی خاندانی وسماجی ضابطوں سے ہی مختلف مذہبی برادریوں اورگرپوں کی شناخت وابستہ ہیں اور یہی ملک کی یکجہتی، سا لمیت اور اتحا د کی بنیاد ہے، یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا مطالبہ شہریوں کی مذہبی آزادی پر قد غن لگانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے ۔جمعیۃ علماء ہند روز اول سے اس سازش کی مخالفت کرتی آئی ہے جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ کا یہ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ یکساں سول کوڈپر اصرار شہریوں کی مذہبی آزادی اور آئین کی اصل روح کو ختم کرنے کی سازش کا حصہ ہے اور آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ، مسلمانوں کے لئے نا قابل قبول اورملک یکجہتی اور سا لمیت کے لئے نقصاندہ ہے۔

Last Updated : Jul 6, 2023, 6:07 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details