نئی دہلی:نئی دہلی، 2 اگست (یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے ایک وفد نے منی پور کی صورتحال پر آج صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور منی پور کے معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے محترمہ مرمو سے ملاقات کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ منی پور جل رہا ہے اور وہاں کی صورتحال بہت نازک ہے لیکن حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد انڈیا کے نمائندوں نے 29 اور 30 جولائی کو منی پور کا دورہ کیا تاکہ وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دوران اپوزیشن انڈیا کے وفد نے متاثرین اور خاص طور سے برہنہ پریڈ معاملے کی متاثرہ خواتین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے موقف کو سنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہاں ریلیف کیمپوں میں لوگوں کو کافی تکلیف ہو رہی ہے اس لیے صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔