نئی دہلی: پہلی چارٹر پرواز 212 بھارتی شہریوں کو لے کر جنگ زدہ اسرائیل کے بین گریون ہوائی اڈے سے جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً سوا دس بجے روانہ ہوئی۔ فلائٹ آج دہلی کے ہوائی اڈے پر اتر گئی۔ بھارتی سفارت خانے کی طرف سے شروع کی گئی مہم کے تحت، ایئر انڈیا کی جانب سے اسرائیل سے تجارتی آپریشن روکنے کے بعد چارٹر فلائٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے، وزارت خارجہ نے جمعرات کو 'آپریشن اجے' کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ یہ امید ہے کہ جہاز میں موجود کم از کم 230 مسافر آج رات تک جنگ زدہ ملک سے نکل جائیں گے اور کل صبح تک نئی دہلی پہنچ جائیں گے۔ بدھ کے روز، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایکس پر پوسٹ میں، بھارتیوں کو متنازع علاقوں سے واپس لانے کا اعلان کیا تھا اور مزید کہا تھا کہ خصوصی چارٹر پروازیں اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیل میں تقریباً 1,000 طلباء، متعدد آئی ٹی پروفیشنلز اور ہیروں کے تاجر بھی ہیں۔