نئی دہلی: نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والی حکمراں جماعت کی رہنما نوپور شرما اور نوین جندل کے بارے میں ایم آئی ایم دہلی کے صدر نے کلیم الحفیظ نے میڈیا کے نام جاری بیان میں کہا کہ پارٹی سے معطل کرنا صرف کافی نہیں ہے۔ انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔
کلیم الحفیظ نے نپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف بی جے پی کی کارروائی کو ناکافی بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا جرم بڑا ہے۔ انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے اور مزید سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانپور کا تشدد ہو یا یو اے ای، سعودی عرب، قطر، ایران سمیت دنیا کے 52 ملکوں میں ہندوستان کی مخالفت ہو اس کے لیے بی جے پی کی قومی ترجمان نپور شرما اور دہلی بی جے پی کے میڈیا انچارج نوین کمار جندل ذمہ دار ہیں AIMIM Demands Arrest of Nupur Sharma under UAPA۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حرکتوں سے بیرون ملک میں ہندوستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔ ہمارا اقتصادی نقصان بھی ہوا ہے اور رشتوں میں بھی خرابی پیدا ہوئی ہے۔ ہمارے سفارت کاروں کو قطر سے لیکر ایران تک طلب کیا گیا۔ شاپنگ مال سے ہمارے سامان پھینکے گئے اور کروڑوں ہندوستانیوں پر گھر واپسی کی تلوار لٹک گئی ہے۔ اس کے لیے ذمہ دار کون ہے؟ ان دونوں لیڈران کے بیانات ملک کے ساتھ غداری ہے۔ ایسے لیڈران کے خلاف یو اے پی اے کے تحت کاروائی کی جائے اور انھیں جیل بھیجا جائے۔