نئی دہلی: نوح اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شرپسندوں کے ذریعہ نقصان پہنچائی گئی مسجدوں کی مرمت اورتزئین کاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جمعۃعلماء ہندکے صدرمولانا ارشدمدنی کی ہدایت پر اسی ضمن میں ہوڈل سیکشن کے گاؤں سیولی کے قبرستان اورعیدگاہ کی مرمت کا کام مکمل ہوچکاہے۔ جمعۃعلماء ہند کی طرف سے جاری ایک ریلیز کے مطابق ہریانہ کے ہوڈل سیکشن کے ہی حسن پورقصبہ کی ایک مسجد میں بھی شرپسندوں نے زبردست توڑپھوڑکی تھی اس کی بھی مرمت اورتزئین کاری کاکام مکمل ہوچکاہے۔
قابل ذکرہے کہ 2اگست کو شرپسندوں نے سیولی گاؤں میں واقع عیدگاہ کے ممبراورمحراب کو توڑدیاتھا اس کے قریب واقع قبرستان کے گیٹ کوبھی انہوں نے توڑدیاتھا۔ مولانا مدنی کی خاص ہدایت پر جمعیۃعلماء کے مختلف وفودمیوات کے الگ الگ علاقوں میں راحت رسانی کے کام میں مصروف ہیں، متاثرہ علاقوں کا سروے کرنے کے لئے بھی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے فسادمیں ہوئے نقصان کاجائزہ لیادوسری طرف ریاستی سرکارکے اشارے پرمسمارکئے گئے مکانوں اوردوکانوں کا جائزہ لیکر ایک رپورٹ تیارکی تھی اور اسے جمعیۃعلماء ہند کے صدر دفتر بھیجا گیاتھا۔ جس کی بنیادپر متاثرہ علاقوں میں راحتی اورامدادی سرگرمیوں کا ایک مربوط منصوبہ بناکر راحت رسانی کاکام مسلسل جاری ہے۔ اسی ضمن میں دوسوریہڑی وٹھیلے لگانے والے متاثرین کو بیس بیس ہزارروپے کے چیک بھی تقسیم کئے گئے تھے۔