این آر آئی کاروباری کے قتل کے معاملے میں پہاڑ گنج پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس معاملے کا ماسٹر مائنڈ اب تک فرار ہے۔
دراصل دہلی کے پہاڑ گنج علاقے سے ایک این آر آئی کو سونی پت لے جا کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ قتل کے اس معاملے میں این آر آئی کی ملازمہ، اس کے شوہر اور دیگر لوگوں پر الزامات ہیں۔
اس معاملے میں ملازمہ کے شوہر اشوک کو پہاڑ گنج پولیس نے پکڑ کر سونی پت پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ جبکہ ملازمہ سمیت کچھ دیگر ملزمان مفرور ہیں۔ قتل کی وجہ رقم کی لین دین بتائی جا رہی ہے۔
معلومات کے مطابق 'لندن میں کاروبار کرنے والا این آر آئی راجندر کمار چند ماہ قبل بھارت آیا تھا۔ پہاڑ گنج میں واقع چونا منڈی میں 65 سالہ راجیندر کمار کا ایک فلیٹ ہے۔ وہ وہیں رکے ہوئے تھے۔ این آر آئی کا ایک بھائی دہلی میں رہتا ہے جبکہ دوسرا نوئیڈا میں رہتا ہے۔
راجندر سال میں ایک بار گھومنے دہلی آیا کرتے تھے۔ اس بار بھی وہ بھارت آئے، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے واپس نہیں آسکے۔ ان کے پہاڑ گنج والے فلیٹ پر گزشتہ 3 سالوں سے ہیما نامی ملازمہ کام کر رہی تھی۔ اس نے مالک سے چھ لاکھ روپے قرض لئے تھے۔ اس بار جب راجیندر لندن سے آئے تب انہوں نے ہیما سے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔