دہلی اور مرکزی حکومت کے درمیان آلودگی سے متعلق الزامات اور جوابی الزامات کے درمیان وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مرکز کے ایک فیصلے پر مرکزی شہری ترقیاتی وزیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج ڈیجیٹل پریس کانفرنس کے ذریعہ دہلی کی صنعتی سرگرمیوں سے متعلق مرکز کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا اور اسے دہلی کے لئے تاریخی قرار دیا۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے صنعتی علاقے کے لئے مرکزی حکومت نے آج ایک تاریخی فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین چار سال قبل دہلی حکومت نے اس کے لئے مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھیجی تھی اور دو دن قبل مرکزی حکومت نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے دہلی کے صنعتی علاقے کی شکل بدل جائے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ اب تک دہلی کے صنعتی علاقے میں مینوفیکچرنگ سرگرمی کی اجازت تھی، یہاں ایسی بہت سی صنعتیں موجود ہیں جو بہت زیادہ آلودگی کا باعث ہیں۔ لیکن مرکز کے اس فیصلے کے مطابق اب دہلی میں مینوفیکچرنگ کی کوئی نئی صنعتی سرگرمی شروع نہیں ہوگی۔ جو صنعت شروع ہوگی وہ یا تو ایک ہائی ٹیک انڈسٹری ہوگی یا سروس انڈسٹری۔ انہوں نے بتایا کہ پرانی صنعت کو اسے ہائی ٹیک میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔