دہلی کے کڑکڑڈوما عدالت نے دہلی فسادات (Delhi Riots)میں سازش کے الزام اور یو اے پی اے کے تحت جیل میں بند سابق کانگریس کونسلر عشرت جہاں کی ضمانت عرضی پرسماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے دہلی پولیس کو 2 اگست تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
گزشتہ 12 جولائی کو عشرت جہاں کی جانب سے ایڈوکیٹ پردیپ تیوتیا نے پوچھا تھا کہ کیا سیاسی وابستگی رکھنا غلط ہے؟ عشرت جہاں نے کیا غلط کیا ہے؟ انہوں نے کہا تھا کہ یو اے پی اے کو مسلط کرنے کا مقصد آواز کو دبانا ہے۔ UAPA کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔
تیوتیا نے کہا تھا کہ عشرت جہاں کا ملزم کے ساتھ تعلقات کو ظاہر کرنے کے لئے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔ اور گواہ بھی حقیقی نہیں ہیں۔
انہوں نے دہلی پولیس کے ان الزامات پر اعتراض کیا کہ عشرت جہاں نے مظاہروں کے لئے مالی اعانت فراہم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ استغاثہ کی یہ کہانی من گھڑنت ہے اور تشدد سے پہلے اور اس کے دوران ان کے خرچ کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔