دہلی ہائی کورٹ نے دہلی تشدد (Delhi Riots)کے ملزم طاہر حسین کے خلاف دائر کردہ یو اے پی اے کیس کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے، جسٹس مکتا گپتا نے دہلی پولیس کو 28 ستمبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دہلی تشدد کے معاملے میں طاہر حسین کے خلاف ایف آئی آر نمبر 59/2020 میں یو اے پی اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
طاہر حسین کے خلاف یو اے پی اے کی دفعہ 13، 16، 17، 18 اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 25 اور 27 اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعہ 3 اور 4 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
طاہر حسین کی عرضی میں یو اے پی اے کی دفعہ 13، 16، 17، 18 کے تحت درج مقدمہ کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں درج یو اے پی اے کی ان دفعات کو ہٹایا جائے۔
درخواست میں، دہلی حکومت کی جانب سے یو اے پی اے کے تحت قانونی چارہ جوئی کی اجازت دینے کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ایڈوکیٹ موہت ماتُھر، جو طاہر حسین کی طرف سے پیش ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ طاہر حسین کے خلاف یو اے پی اے کے سیکشنز لگانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ماتھر نے کہا کہ 'آج اختلاف رائے کو دہشت گردی کی طرح پیش کیا جارہا ہے'۔
مزید پڑھیں:Delhi Riots: عشرت جہاں کی ضمانت عرضی پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری
واضح رہے کہ دہلی پولیس نے 18 افراد کو ملزم بنایا ہے۔ ان میں سے صفورہ زرگر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت ملی ہے، جب کہ نتاشا نروال، دیوانگن کلیتا اور آصف اقبال تنہا کو باقاعدہ ضمانت مل چکی ہے۔ ان چاروں کے علاوہ جو ملزمین جیل میں بند ہیں ان میں طاہر حسین، عمر خالد، خالد سیفی، عشرت جہاں، میران حیدر، گلفشا، شفاء الرحمٰن، شاداب احمد، تسلیم احمد، سلیم ملک، محمد سلیم خان، اطہر خان، شرجیل امام اور فیضان خان شامل ہیں۔