نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے پیر کے روز کیجریوال حکومت کے وزیر صحت ستیندر جین کے معاملے میں تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کیا۔ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے خصوصی جج وکاس دھول نے ستیندر جین کے خلاف الزامات پر سی بی آئی کے دلائل سنے۔ سماعت کے دوران، عدالت نے سینئر پبلک پراسکیوٹر سے کہا کہ وہ جے جے آئیڈیل ایسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ ، غیر متناسب اثاثوں کی گنتی کی بنیاد اور موجودہ کیس میں کمپنیوں کو ملزم نہ بنائے جانے کے سلسلے میں وضاحت پیش کریں۔ سی بی آئی کے سینئر پبلک پراسکیوٹر پنکج گپتا نے درخواست کی کہ کیس کے تفتیشی افسر کو اگلی تاریخ پر بلایا جائے تاکہ وہ مذکورہ سوالات کے جوابات دینے میں ان کی مدد کریں۔ Notice to investigating officer Satyendar case
عدالت نے ملزم ستیندر جین، ملزم ویبھو جین اور ملزم انکش جین کو آئندہ سماعت کی تاریخ پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ستیندر جین کو منی لانڈرنگ کیس میں 2017 کے سی بی آئی کیس کی بنیاد پر انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا، جس میں وہ مبینہ طور پر چار کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔