دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں كووڈ-19 کے بڑھتے کیسز کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا کہ فی الحال لاک ڈاؤن میں کسی طر ح کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال، ویڈیو اروند کیجریوال نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'دارالحکومت میں بڑی تعداد میں ایسے مریض سامنے آ رہے ہیں جن میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نظر نہیں آرہی، یہ تشویشناک صورت حال ہے اور اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی نرمی نہیں دی جائے گی۔
کیجریوال نے کہا کہ 'ایک ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت جو بھی حالات ہوں گے اس کے لیے موزوں فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جو تشویشناک بات ہے حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھبراہٹ میں آنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ 'گزشتہ روز دہلی میں 736 افراد کی جانچ کی گئی اور اس میں سے 186 یعنی 25 فیصد افراد کو کورونا پازیٹیو(مثبت) پایا گیا جو کافی زیادہ ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ 'گزشتہ روز جو 186 پازیٹو(مثبت) رپورٹ آئی ان میں کورونا وائرس کی کوئی عام علامات نظر نہیں آرہی تھی، ان لوگوں کو خود معلوم نہیں تھا کہ یہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں کیجریوال کے مطابق دہلی کے تمام 11 ضلعے ہاٹ اسپاٹ قرار دیئے گئے ہیں۔
کجریوال نے کہا کہ نظام الدین مركز کی بھی سب سے زیادہ مار دہلی کو جھیلنی پڑ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ دہلی ملک کا دارالحکومت ہے اور یہاں ملک کی مجموعی آبادی کا محض دو فیصد آبادی رہتی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کا 12 فیصد ہے واضح رہے کہ دہلی میں کورونا وائرس کے کُل 1893 کیسز ملے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں نظم و ضبط برقرار رکھیں کیوں کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرکے ہی کورونا وائرس پر کنٹرول میں مدد ملے گی۔
کجریوال نے کہا کہ دہلی میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور اگر لاک ڈاؤن نہیں ہوتا تو صورتحال کتنی خوفناک ہوتی اس کا تصور کرنا ہی مشکل ہے۔