دہلی حکومت کے نئے ایس او پی کے مطابق مرنے والے کی لاش کی طبی جانچ کے بعد اگر ڈاکٹر تصدیق کرے کہ موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی ہے تب لاش کی آخری رسومات قبل ازیں جاری کردہ رہنمایانہ اصول کے مطابق کی جائیں گی۔
محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں 3 اپریل کو جاری کی گئی ہدایات کو معطل کردیا گیا ہے اوراب نئے اصول جاری کئے گئے ہیں۔
سکریٹری محکمہ صحت و خاندانی بہبود، پدمنی سنگلا کے دستخط کردہ حکم نامہ کے مطابق اب ہر مرنے والے فرد کی کورونا ٹسٹ نہیں کی جائے گی لیکن اگر ڈاکٹر لاش کی طبی جانچ کے بعد موت کی وجہ کورونا انفیشکن ظاہر کرے تو لاش کی آخری رسومات رہنمایانہ ہدایات کے مطابق ہی کی جائیں گی۔
محکمہ صحت کی جانب سے لاشوں کی آخری رسومات سے متعلق نیا ’اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر‘ (ایس او پی) جاری کیا گیا ہے جس کے تحت کورونا مریض کی موت کے بعد لاش کو تربیت یافتہ طبی عملہ کی نگرانی میں پلاسٹک (زپ بیاگ) میں لپٹا جائے گا اور ایمبولنس کے ذریعہ قبرستان یا شمشان گھاٹ تک لاش کو لیجایا جائے گا اور لواحقین کے حوالہ کردیا جائے گا۔
دہلی میں اب تک کورونا سے 150 اموات ہوئی ہیں۔