دہلی:وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو سال 2023 کا عام بجٹ پیش کرتے ہی ان وزرائے خزانہ لسٹ میں شامل ہو گئی ہیں جنہوں نے مسلسل پانچ برسوں تک بجٹ پیش کیے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا نام ریکارڈ میں شامل ہو گیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ، ارون جیٹلی، پی چدمبرم اور دیگر ان وزرائے خزانہ کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے آزاد بھارت میں لگاتار پانچ بجٹ پیش کیے تھے۔
واضح رہے کہ آزادی کے بعد کل 26 وزرائے خزانہ نے 90 بجٹ پیش کیے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ 10 بجٹ پیش کرنے کا ریکارڈ مرارجی دیسائی کے پاس ہے۔ اس کے بعد وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کل 9 بار بجٹ پیش کیا ہے اور وہ سب سے زیادہ دفعہ بجٹ پیش کرنے والے وزرائے خزانہ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے بعد پرنب مکھرجی کا نام آتا ہے، جنہوں نے مختلف ادوار میں کل 7 مرکزی بجٹ پیش کیے ہیں۔