نئی دہلی: مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی میں متحدہ اپوزیشن کے رہنما، انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل ڈیموکریٹک الائنس (انڈیا) کا دو روزہ اجلاس 31 اگست اور 1 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ کانگریس ذرائع کے مطابق 'انڈیا' کا تیسرا اجلاس 31 اگست سے 01 ستمبر تک ممبئی میں ہوگا۔ اپوزیشن کے تیسرے اجلاس سے متعلق خبر سپریم کورٹ کی جانب سے 'مودی' کنیت کے استعمال پر مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سزا پر روک لگا دینے کے ایک دن بعد آئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی میزبانی میں اپوزیشن کا پہلا اجلاس جون میں پٹنہ میں منعقد ہوا تھا، جبکہ دوسرا اجلاس کانگریس کی حکومت والے کرناٹک کے دار الحکومت بنگلورو میں منعقد ہوا تھا۔ ملک کی اپوزیشن پارٹیوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور سال کے آخر میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے خلاف مشترکہ محاذ بنایا ہے۔ جس میں تقریبا سبھی اپوزیشن پارٹیاں شامل ہیں۔ بنگلورو میں منعقدہ اجلاس کے دوران 26 اپوزیشن پارٹیوں نے اپنے اتحاد کو انڈیا (INDIA ) کا نام دیا تھا۔