نئی دہلی: اطلاعات و نشریات کی وزارت نے میڈیا گھرانوں، میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن ایڈورٹائزنگ انٹر میڈیاریز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیٹنگ پلیٹ فارموں کے اشتہارات/پروموشنل مواد کو نشر کرنے سے گریز کریں۔ جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں وزارت نے انگریزی اور ہندی اخبارات کے ذریعہ بیٹنگ ویب سائٹس کے اشتہارات اور پروموشنل مواد کی حالیہ اشاعت پر سخت اعتراض کیا ہے۔ یہ ایڈوائزری تمام میڈیا فارمیٹس بشمول اخبارات، ٹیلی ویژن چینلز اور آن لائن نیوز پبلشرز، کے لیے جاری کی گئی ہے اور ماضی قریب میں میڈیا میں اس طرح کے اشتہارات کی مخصوص مثالوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔
وزارت نے ایک مخصوص بیٹنگ پلیٹ فارم پر بھی اعتراض کیا ہے جو ناظرین کو اپنی ویب سائٹ پر کھیلوں کی لیگ دیکھنے کی ترغیب دیتا ہے، جو پہلی نظر میں کاپی رائٹ ایکٹ، 1957 کی خلاف ورزی کرتی نظر آتی ہے۔ قانونی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ میڈیا کی اخلاقی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے، ایڈوائزری میں پریس کونسل کے جرنلسٹک کنڈکٹ رولز کی دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے، جن میں یہ کہا گیا ہے کہ ’’اخبارات کو ایسے اشتہارات شائع نہیں کرنا چاہئے جن میں کوئی غیر قانونی مواد شامل ہو۔ ‘‘