دہلی:قومی کمیشن برائے حقوق اطفال نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے ہوم سکریٹریز سے غیرمسلم بچوں کے مدارس میں داخلوں کی خبروں سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔ قومی کمیشن نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری فنڈز سے چلنے والے اور تسلیم شدہ تمام مدارس کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بعض خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے جس میں کہا گیا کہ کچھ مدارس میں غیرمسلم بچوں کو داخلہ دیا جارہا ہے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کے چیئرپرسن پریانک کانونگو نے تمام ریاستوں کے چیف سیکرٹریز اور مرکز کے زیر انتطام علاقوں کے ہوم سیکرٹریز کو ایک خط لکھا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے تمام سرکاری فنڈڈ اور تسلیم شدہ مدارس کی تحقیقات کریں۔ NCPCR Asks States to Probe Govt Funded Madarsas
کمیشن نے کہا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ وہ (مدارس) اپنے اداروں میں غیر مسلم بچوں کو داخل کروا رہے ہیں۔ آپ انکوائری کے بعد ایسے تمام بچوں کو اسکولوں میں داخل کر دیں۔ اصولوں کے مطابق غیر مسلم بچوں کو مدارس میں داخل نہیں کیا جا سکتا۔ اگر وہ ایسا کر رہے ہیں تو یہ قواعد کے خلاف ہے اور تعزیری کارروائی کی ضرورت ہے۔
مدارس، بطور ادارہ، بنیادی طور پر بچوں کو مذہبی تعلیم دینے کے ذمہ دار ہیں۔ کمیشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ 'تاہم، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ مدارس جنہیں حکومت کی طرف سے مالی امداد دی جاتی ہے یا حکومت کی طرف سے تسلیم کیا گیا ہے، وہ بچوں کو مذہبی اور کسی حد تک رسمی دونوں طرح کی تعلیم دے رہے ہیں۔ مزید یہ کہ کمیشن کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کچھ ریاستی حکومتیں انہیں اسکالرشپ بھی فراہم کر رہی ہیں۔ جو آئین ہند کے آرٹیکل 28(3) کی واضح خلاف ورزی ہے جو تعلیمی اداروں کو والدین کی رضامندی کے بغیر بچوں کو کسی بھی مذہبی تعلیم میں حصہ لینے کا پابند کرنے سے منع کرتا ہے۔