نئی دہلی: 'بھارت وشو گرو ان یوگا ایجوکیشن' کے موضوع پر 12 فروری کو شعبہ ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے سمینار کا اہتمام کیا گیا۔ اس اجلاس میں وزیر مملکت برائے ایجوکیشن و خارجہ امور ڈاکٹر راج کمار رنجن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر راج کمار رنجن نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ تدریس و تحقیق کے میدان میں بہترین مظاہرہ کر رہا ہے اور یہ کہ اداروں کی عظمت قومی و بین ا لاقوامی رینکنگ میں جھلکتی ہے۔ اس کے لیے انھوں نے پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ اور جامعہ برادری کو مبارک دی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ تناظر میں قومی سمینار کا مرکزی خیال نہایت موزوں ہے کیوں کہ یہ اجاگر کرتا ہے کہ جہاں تک یوگا کی تعلیم و تدریس کی بات ہے، بھارت وشوگرو ہے۔ پروفیسر نجمہ اخترنے اپنی صدارتی تقریر میں سمینار کی منتظمہ کمیٹی کو مبارک باد دی اور آئی سی ایس ایس آر سے اسپانسرڈ قومی سیمینار کے انعقاد کے لیے شعبہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ اختتامی پروگرام کے مہمان اعزازی پروفیسر اکرام حسین نے کہا کہ یوگا اور یوگا کی تدریس کے ذریعے ہی ہم اپنی پرانی عظمت واپس حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقعے کے دوسرے مہمان اعزازی پروفیسر ناظم حسین الجعفری، مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اتنے شاندار پروگرام کے انعقاد کے لیے سمینار کی منتظمہ کمیٹی کو مبارک باد دی۔ سمینار ڈائریکٹر اور صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور نے قومی سیمینار کی روداد پیش کی۔ انھوں نے بتایا کہ سمینار کے آٹھ اجلاسوں میں کل چونسٹھ مقالات پیش کیے گئے اور سمینار میں ملک بھر سے آئے مندوبین نے شرکت کی۔ اس سمینار میں لداخ، جموں وکشمیر، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، چنئی، مہاراشٹر، کیرالا اور منی پور سے آئے مندوبین نے شرکت کی۔ سمینار کے آرگنائزنگ سیکریٹری ڈاکٹر محمد فیض اللہ خان نے پروگرام کے آغاز میں معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور سمینار کے کنوینر ڈاکٹر عارف محمد نے کلمات تشکر پیش کیا۔