دہلی:مسجد فتحپوری کے شاہی امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ مسجد اقصی کی بازیابی کے لئے دعا کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فلسطینی عام شہریوں کی ہلاکت پر شدید غم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ صہیونی جارحیت میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ غزہ کے عام شہریوں پر اسکولوں پر اور اسپتالوں پر بڑی بے غیرتی کے ساتھ حملے جاری ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ ہسپتال پر بھی شدید حملہ کیا گیا ہے، جس میں قریب ایک ہزار لوگ شہید ہو گئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں اسپتال کے ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہسپتال پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل نے یو این او کے اسکول اور دفتر پر بھی حملہ کیا۔ مفتی مکرم نے یو این او سے پر زور اپیل کی کہ اسرائیل کے ظلم کے خلاف ایکشن لیا جائے، جنگ بندی کے لئے موثر کوشش کی جائے، جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے، فلسطینیوں کو ان کی زمین ملنی چاہئے۔