نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کو ان کے 98 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر، نائب صدر، وزیر اعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر سمیت کئی لیڈروں نے راج گھاٹ کے قریب واجپئی کے سمادھی استھل سدیو اٹل جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر دھنکھڑ نے ٹویٹر پر کہا کہ اٹل بہاری واجپئی جی سب سے زیادہ قابل احترام لیڈروں اور سیاست دانوں میں سے ایک تھے، جنہیں جمہوریت، جامعیت اور ترقی کے تئیں ان کی مضبوط وابستگی کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہیں ہمیشہ ایک دوراندیش وزیر اعظم کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے 21ویں صدی کے لیے ہمارے ملک کی ترقی کا راستہ طے کیا۔ Murmu Pay Tribute to Atal Bihari Vajpayee
پی ایم مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اٹل جی کی جینتی پر انہیں خراج عقیدت۔ ہندوستان کے لیے ان کا تعاون بے پناہ ہے۔ ان کی قیادت اور وژن لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے آج پنڈت مدن موہن مالویہ کو ان کے یوم پیدائش پر بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، “ماں بھارتی کے عظیم فرزند مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ جی کو ان کے یوم پیدائش پر عاجزانہ خراج عقیدت۔ ملک کی تعلیمی دنیا کی خوشحالی کے لیے انہوں نے اپنی زندگی وقف کر دی جس کے لیے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔