نئی دہلی:سمندری طوفان بپرجوئے کی وجہ سے 125 سے زیادہ ٹرینوں کا آپریشن متاثر ہوا ہے۔ ممبئی میں ویسٹرن ریلوے کے ترجمان کے مطابق طوفان کی وجہ سے 69 ٹرینیں منسوخ، 33 ٹرینوں کو منزل سے پہلے ہی ختم کردیا گیا جبکہ 25 ٹرینیں ایسی ہیں جنہیں بیچ کے اسٹیشن سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سمندری طوفان بپرجوئے کے امکان کے پیش نظر ریلوے نے پہلے ہی وسیع پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔ بھاو نگر، مہوا، ویراول سے لے کر پوربندر تک کے علاقے میں اس کا اثر ہونے کا امکان ہے۔ پیر سے چار روز کے لیے مال گاڑیوں میں ڈبل استیک کنٹینروں کی ڈھلائی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حفاظتی اقدامات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریلوے ترجمان کے مطابق حادثے سے متعلق ریلیف اور میڈیکل ایمرجنسی ٹرینوں کو ہر حال میں تیار رکھا گیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے۔ پٹریوں اور پلوں کے علاوہ مختلف مقامات پر ہوا کی رفتار پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ڈیزل انجنوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ رابطے کے متبادل ذرائع کا انتظام کیا گیا ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی میں ریلوے بورڈ کے وار روم سے بھی پوری صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو خود ہر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔