پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران اپوزیشن نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک بھر میں افراتفری اور بدعنوانی، پٹرولیم مصنوعات اور ضروری اشیاء کی مہنگائی، کسان تحریک، کورونا کی ویکسین کی قلت، اترپردیش کے مجوزہ آبادی کنٹرول قانون، قومی سلامتی وغیرہ کے معاملات پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرے گی۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کُل جماعتی اجلاس میں کہا کہ 'حکومت پارلیمنٹ میں مختلف امور پر نتیجہ خیز گفتگو کے حق میں ہے۔'
ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ایوان میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے کہا کہ 'ملک کی جمہوریت کی روایت، عوام سے متعلق معاملات کو خوش اسلوبی سے اٹھایا جائے اور حکومت کو ان بات چیت کا جواب دینے کا اختیار دیا جائے۔'
حکومت کی طرف سے بلائے گئے کل جماعتی اجلاس کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی پارلیمنٹ میں الگ الگ تبادلہ خیال کے لئے اجلاس منعقد کیے۔