نئی دہلی:پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس 2023 میں تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آج تیسرا دن ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج جمعرات کو تحریک عدم اعتماد پر بحث میں حصہ لیں گے اور شام چار بجے جواب دیں گے۔ مرکزی وزیر نے گذشتہ روز ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے سے عین قبل اس بات کی تصدیق کی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے دو دن پہلے تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ بدھ کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت پر زوردار حملہ بولا۔ منی پور تشدد پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے منی پور میں میری بھارت کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے منی پور میں بھارت کو مارا ہے۔ منی پور میں بھارت کا مرڈر کیا گیا۔ آپ لوگ محب وطن نہیں ہیں۔ اسی لیے آپ کے وزیر اعظم منی پور نہیں جا سکتے۔ آپ بھارت کے محافظ نہیں بلکہ قاتل ہیں۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راون صرف دو ہی لوگوں کی سنتا تھا جس میں سے ایک کمبھ کرن اور دوسرا میگھناتھ تھا اور ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی بھی صرف دو ہی لوگوں کی سنتے ہیں، جس میں سے ایک اڈانی اور دوسرے امت شاہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 26 جولائی کو اپوزیشن نے مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔ جسے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے قبول کرلیا۔ تحریک عدم اعتماد سے مودی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، کیونکہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کو لوک سبھا میں اکثریت حاصل ہے۔ اب تک تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ حکومت کی کوتاہیوں کو اجاگر کیا اور حکمران جماعت کے ارکان پارلیمنٹ نے ان کے سوالات و اعتراضات کا جواب دینے کی کوشش کی۔