دہلی میں جون کے آخر تک مانسون کے آنے کے امکانات نہیں ہیں اور تب تک شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیئس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بدھ کی صبح قومی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا، جو سال کے اس وقت کے لیے معمول کے مطابق ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیئس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے منگل کے روز بتایا کہ کیرالہ میں دو دن کی تاخیر سے پہنچنے کے بعد مانسون مشرقی، وسطی اور شمال مغربی بھارت میں سات سے دس دن پہلے ہی پہنچ گیا۔ حالانکہ دہلی، راجستھان کے کچھ حصوں، ہریانہ اور پنجاب سمیت ملک کے باقی حصوں میں مانسون کے اگلے سات دنوں کے دوران پہنچنے کا امکان نہیں ہے۔
آئی ایم ڈی کے ریجنل سنٹر کے سربراہ کلدیپ شریواستو نے بتایا کہ دہلی ۔ این سی آر میں 26 جون کے آس پاس ہلکی بارش کا امکان ہے لیکن اس خطے کو مانسون کی بارش کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔