دہلی کے نبی کریم علاقہ میں بندر کی وجہ سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔ دراصل ہلاک شدہ شخص گلی سے گذر رہاتھا۔اسی دوران ایک عمارت کی دوسری منزل پر بندر نے پانی کی ٹنکی کا ڈھکن ہٹادیا اور اس کے اوپر رکھی اینٹ نیچے پھینک دی ۔یہ اینٹ گلی سے گذر رہے نوجوان کے سر پر گری،جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔فی الحال پولیس نے مذکورہ معاملہ کے تحت لاپرواہی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کررہی ہے ۔
پولیس کے مطابق 30 سالہ محمد قربان خاندان کے ساتھ نبی کریم کے علاقے میں رہتا تھا۔ اس کی بیوی کے علاوہ اس کے پانچ بچے ہیں۔ وہ گھر میں اسکول بیگ بناتا تھا۔ پیر کی شام وہ قلعہ قدم کے علاقے سے گزر رہا تھا۔ اسی وقت اچانک ایک اینٹ اس کے سر پر ایک مکان کی چھت سے گر گئی۔ ج سکے بعد وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ آس پاس موجود لوگ فوراوہاں پہنچے اور اسے علاج کے لیے ہسپتال لے گئے۔ لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔
پولیس کو اسپتال سے مذکورہ واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ مقتول کے اہل خانہ کو اس واقعے کی اطلاع دی گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ قلعہ قدم کے علاقے میں اوم پرکاش نامی شخص کا گھر ہے۔ اس کے گھر کی دوسری منزل پر پانی کا ایک ٹینک رکھا گیا تھا۔