مودی نے پوتن سے فون پر بات چیت کی
وزیراعظم نریندر مودی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ مودی نے بات چیت کے دوران دوسری عالمی جنگ میں جیت کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر روس میں منائی جارہی تقریب کے لئے گرم جوشی سے مبارکباد دی۔
نئی دہلیـ: وزیراعظم نریندر مودی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ مودی نے بات چیت کے دوران دوسری عالمی جنگ میں جیت کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر روس میں منائی جارہی تقریب اور روس میں آئینی ترمیم پر ووٹ کے کامیاب اختتام کے لئے گرم جوشی سے مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے ماسکو میں منعقدہ فوجی پریڈ میں بھارتی فوجی دستے کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے اسے بھارت اور روس کے عوام کے بیچ مستقل دوستی کی علامت قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے کووڈ 19 کے منفی اثرات کو دور کرنے کے لئے دونوں ممالک کے ذریعہ کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی اور کورونا کے بعد کی دنیا کے چیلنجوں سے مل کر مقابلہ کرنے کے لئے بھارت اور روس کے قریبی تعلقات کی اہمیت پر رضامندی ظاہر کی۔
مودی اور پوتن دوطرفہ روابط اور تال میل بنائے رکھنے پر رضامند ہوئے جس سے اس سال کے آخر میں ہونے والی سالانہ دو طرفہ چوٹی کانفرنس کا انعقاد کیا جاسکے۔
صدر پوتن نے فون کرنے کے لئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے بیچ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کو دوہرایا۔