نئی دہلی/سڈنی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز سڈنی میں آسٹریلیا کی سرکردہ کمپنیوں کے سی ای او سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے فورٹسکیو میٹلز گروپ اور فورٹسکیو فیوچر انڈسٹریز کے ایگزیکٹو چیئرمین اور بانی ڈاکٹر اینڈریو فورسٹ، آسٹریلین سپر کے سی ای او پال شروڈر اور ہینکاک پراسپیکٹنگ گروپ، رائے ہل اور ایس کے کڈمین اینڈ کمپنی کی چیئر پرسن جارجینا ہوپ رائن ہارٹ اے او سے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کیا، "اس میٹنگ کا مقصد ہندوستان-آسٹریلیا گرین پارٹنرشپ کو فروغ دینا ہے۔"
دونوں لیڈروں نے ہندوستانی کمپنیوں کے لئے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں خاص طور پر ہندوستان کے گرین ہائیڈروجن مشن کے تحت فورٹسکیو کے ساتھ شراکت کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلین سوپر کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں معاون بننے کی دعوت دی ہے۔ یو این آئی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بطور سرکاری مہمان اپنے آسٹریلیائی ہم منصب انتھونی البانیس کے ساتھ آج ملک میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن کے ایک پروگرام سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز 'نمستے آسٹریلیا' سے کیا۔ پی ایم مودی 24 مئی تک آسٹریلیا کے دورے پر رہیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سڈنی کے کڈوس بینک ایرینا میں منعقدہ ایک کمیونٹی پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانی ان کے ساتھ موجود تھے۔ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ جب پی ایم مودی اسٹیج پر آئے تو وہاں موجود لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔