روی شنکر پرساد نے جمعرات کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کے کارکنوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف آج جمہوری طریقے سے پارٹی کارکنوں نے کولکاتا میں ایک احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا، جسے روکنے کے لئے پولیس نے وحشیانہ کارروائی کی۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی بنگال میں پرامن جمہوری احتجاج کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ بی جے پی کے احتجاجی مارچ میں تقریبا ایک لاکھ کارکن شامل ہوئے تھے جس میں پولیس طاقت استعمال کرنے کی وجہ سے 1500 سے زائد کارکن بری طرح زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں پارٹی کے قومی سکریٹری ارووند مینن، ریاستی نائب صدر راجو بنرجی اور یوتھ ونگ کے قومی صدر تیجسوی سوریہ سمیت کئی کارکن شامل ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے بی جے پی کارکنوں پر کیمیکل ملے پانی کا چھڑکاؤ کیا۔
پرساد نے کہا کہ بی جے پی کے کونسلر منیش شکلا کا حال ہی میں قتل ترنمول کانگریس کے سیاسی انتقام کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس مخالفت کرنے والوں کو جھوٹے معاملوں میں پھنسا دیتی ہے اور کئی بار سیاسی قتل تک کروا دیتی ہے۔ ان معاملات میں بعد میں کوئی مستند کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ مہینوں میں بی جے پی کے 115 کارکنوں کو سیاسی تشدد کا شکار ہونا پڑا ہے ۔