نئی دہلی: مرزا بیگ اسد اللہ خان غالب کی پیدائش 27 دسمبر سنہ 1797 میں آگرا میں ہوئی، کم عمری میں ہی وہ دہلی کے بلی ماران علاقے میں آ گئے اور تمام عمر انہوں نے فصیل بند شہر کی چار دیواری میں ہی گزاری، اس دوران انہوں نے کم و بیش 7 مکانات تبدیل کیے اور اپنا آخری وقت بلی ماران کی ایک حویلی میں گزارا جسے انہوں نے کرائے پر لیا ہوا تھا۔ موجودہ وقت میں اسی حویلی کو یادگار کے طور پر رکھا ہوا ہے۔
مرزا غالب سے منسلک ان کا لباس، غالب کی ایک لوتی تصویر، ان کی وہ مخصوص مہر جسے وہ اپنے خطوط پر لگایا کرتے تھے، اور ان کے مکانات کی تصاویر وغیرہ اس میوزیم میں موجود ہیں جسے کسی اور جگہ نہیں دیکھا جا سکتا ہے۔ ایوان غالب کے ڈائریکٹر ادریس احمد نے بتایا کہ اس میوزیم میں موجود مرزا غالب اور ان کی اہلیہ کا لباس گذشتہ دنوں ہی پریزرو کرایا گیا ہے جس میں ساڑھے 3 لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے اب ان کا لباس ائندہ 3 سو سالوں کے لیے محفوظ کیا جا چکا ہے۔