نئی دہلی: مجلس دہلی میں ایک طاقت بن گئی ہے، مسلمان، دلت اور مظلوم طبقات مجلس میں شامل ہورہے ہیں اور اچھی امید لگارہے ہیں۔ ہماری طاقت سے ڈر کر دہلی پولس ہمارے کارکنوں کو ہراساں کررہی ہے۔ مگر ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ MIM leader Kaleem Al-Hafeez نے کیا۔
کلیم الحفیظ جنتا کالونی میں ای ڈی ایم سی کے مجلس کے ذمہ داران سے خطاب کررہے تھے۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آرہا ہے ہم سب کی ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں، ہم سب کا ایک ہی ہدف ہے کہ زیادہ سے زیادہ مجلس کے کارپوریٹر جیتیں اور دہلی کے عوام کی خدمت کا موقع حاصل کریں۔ اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر ممکنہ وارڈ میں اپنے کاموں میں تیزی لائیں۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ جو لوگ مجلس کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ اپنی درخواستیں جلد جمع کریں، صدر مجلس نے کہا کہ پولس ہمارے کارکنوں کو پریشان کررہی ہے۔ اس کی وجہ یہ کہ مجلس دہلی میں ایک طاقت بن کر ابھر رہی ہے، مخالف سیاسی جماعتوں کو مجلس سے خطرہ ہوگیا ہے۔ لیکن اس سے ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں، ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کررہے ہیں۔ جب ہمارے قائد گولیوں سے نہیں ڈرے تو ہم ان کے سپاہی کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں،