نئی دہلی :مدھیہ پردیش اردو اکاڈمی کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاد سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول کی استاد اور ممتاز فکشن نگار ڈاکٹر رخشندہ روحی مہدی کو ان کی ادبی خدمات کی بنیاد پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ترقی پسند خواتین کی کاوشوں اور ان کے غیرمعمولی کارناموں کے اعتراف میں دیا جاتاہے جنھو ں نے روکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اپنے اپنے میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ایوارڈ ملنے پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے ڈاکٹر رخشندہ روحی کو مبارک باد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وہیں ڈاکٹر رخشندہ نے کہاکہ میں بے حد ممنون و مشکور ہوں کہ مجھے اس انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ میں اپنی تحریروں کے تئیں جذباتی ہوں اور یہ انعام بجا طورپر اس بات کو ظاہر کرتا ہے یعنی زندگیوں کو بہتر کرنے میں ایک عورت کی ہمت اور اس کے حوصلے کا اہم کردار ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھوں گی۔ ڈاکٹر رخشندہ روحی کے کئی مجموعے پسند کیے گئے ہیں۔ ان کے مجموعے میں’مانسون اسٹور‘کے علاوہ ان کی اردو کہانیوں کا ایک مجموعہ’مگر ایک شاخ ِ نہال غم‘ ہے۔انھوں نے ہندی کہانیوں کا ایک مجموعہ ’ایک خواب جاگتی آنکھوں کا‘ کے عنوان سے لکھا ہے۔ صوفی ازم کے موضوع پر ان کی ایک کتاب ’الخدس‘ بھی ہے۔