نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو دو افراد کےپارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی کرنے اور وزیٹرز گیلری سے ایوان میں چھلانگ لگانے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل انیش دیال سنگھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ انکوائری کمیٹی لوک سبھا سکریٹریٹ کی درخواست پر تشکیل دی گئی ہے۔ انیش دیال سنگھ کے علاوہ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ارکان اور کچھ دیگر ماہرین کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق انکوائری کمیٹی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی میں وجوہات اور کوتاہیوں کا پتہ لگائے گی اور مزید کارروائی کی سفارش کرے گی۔ کمیٹی جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور پارلیمنٹ کے سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی دے گی۔
واضح رہے کہ بدھ کو جب لوک سبھا کی کارروائی چل رہی تھی کہ اچانک دو افراد وزیٹرز گیلری سے ایوان میں کود پڑے جن کے ہاتھوں میں کلر بم تھا جس سے پیلا دھواں نکل رہا تھا۔ ان دو لوگوں کے ایوان میں کود پڑتے ہی ارکان پارلیمنٹ نے انہیں پکڑ لیا۔ جس کے فورا بعد انہیں سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا۔