ریاست ہریانہ کا ضلع نوح میوات ملک کے پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ جبکہ نوح ضلع میں نگینہ بلاک بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
میوات: نگینہ بلاک اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم یوں تو نگینہ کو میوات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے اور بڑکلی چوک کو میوات کی راجدھانی بھی کہا جاتا ہے۔ لیکن یہاں پر بس اڈہ تک موجود نہیں ہے۔
حال ہی میں بس اڈہ اور اناج منڈی کی دستیابی رپورٹ کو وزیر اعلیٰ نے قانونی طور پر منظوری دی ہے۔ مستقبل قریب میں نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ نگینہ (میوات) کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایسے میں نگینہ بلاک جسے سب تحصیل کا درجہ حاصل ہے، کے بنیادی مطالبات کو نائب وزیر اعلی کے سامنے رکھا جائے گا۔
مذکورہ خیالات کا اظہار میوات آر ٹی آئی منچ کے صدر راج الدین جنگ نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران کیا۔
راج الدین جنگ نے بتایا کہ نگینہ بلاک میں بس اڈہ اور اناج منڈی کے علاوہ نگر پالیکا، سی ایس سی، فائر بریگیڈ دفتر اور بینک بھی نہیں ہے۔ یہاں ایس ڈی ایم بھی نہیں بیٹھتا۔ تحصیل کے کام مختلف مکانات میں ہوتے ہیں۔ افسران مختلف جگہوں پر الگ الگ کمروں میں بیٹھے ہوتے ہیں ایک عام آدمی اپنے کاموں کیلئے پریشان رہتا ہے۔
میوات آر ٹی آئی منچ کے صدر راج الدین جنگ نے یہ بھی بتایا کہ نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ کے سامنے کسان ریلی کے دوران نگینہ بلاک کے آٹھ نکاتی مطالبات کو رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو غیر معینہ احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔