نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ 'میری ماٹی میرا دیش' صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ یہ شہریوں کے لیے خود کو ملک کے مستقبل سے جوڑنے اورملک کو عظیم بنانے کے عمل کا حصہ بننے کا ایک ذریعہ ہے۔
شاہ نے آج یہاں 'میری ماٹی میرا دیش' مہم کے تحت امرت کلش یاترا کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر، مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال، وزیر مملکت برائے امور خارجہ میناکشی لیکھی اور ثقافت کی وزارت کے سکریٹری سمیت کئی معززین موجود تھے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا، "یہ پروگرام خود کو ملک کو عظیم بنانے کے عمل کا حصہ بنانے کا ایک ذریعہ بن سکتا ہے اور 25 سال کے بعد جب یہاں موجود بچے عظیم ہندوستان کی قیادت کریں گے، تب انہیں یہ اطمینان ہوگا کہ ہمارا پچھلی نسل نے ہمیں بہت مضبوط ہندوستان بناکر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک طرح سے شام کی طرح ہے کیونکہ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آزادی کے 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور امرت کال اورسنکلپ کی سدھی کا کالکھنڈ 15 اگست 2047 کوہندوستان کو ہر شعبے میں سرفہرست بنائے گا۔ انہوں نے کہا یہ آزادی پسندوں کے تصورکے ہندوستان کی تخلیق کے 25 سال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے گزشتہ 75 برسوں میں بہت سی حصولیابیاں حاصل کی ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ میری ماٹی میرا دیش پروگرام اپنے نام سے ہی بہت کچھ ظاہر کرتا ہے۔ اس پروگرام کو اس مقصد کے ساتھ تصور کیا گیا ہے کہ اس کے ذریعے ہر فرد، خاندان، شہری اور بچہ ایک عظیم ہندوستان کی تشکیل میں اپنے آپ کو اور اپنی روح کو جوڑ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یکم سے 30 ستمبر تک ہر گھر، وارڈ اور گاؤں، یکم سے 13 اکتوبر تک بلاک اور 22 سے 27 اکتوبر تک ریاستی سطح پرکلشوں میں مٹی یا دھان اکٹھا کئے جائیں گے، پھر 28 سے 30 اکتوبر کو ایسے7500 کلش ملک کے دارالحکومت دہلی پہنچیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی یہاں شہدا کی یادگار کے قریب ملک کے ہیروز کے اعزاز میں بنائے گئے امرت واٹیکا میں ان کلشوں کی مٹی اور دھان لگائیں گے، جو ملک کے ہر شہری کو یاد دلائے گا کہ ہمیں امرت کال میں ہندوستان کو عظیم بنانا ہے۔ شاہ نے کہا کہ مودی نے اس پروگرام میں کئی پروگراموں کو محفوظ رکھ کر ملک کے ہر فرد کو اس کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یواین آئی۔