مرکز کے زیرانتظام خطہ لکشدیپ سے این سی پی کے رکن پارلیمان محمد فیضل پی پی نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔
اس سلسلہ میں رکن پارلیمان محمد فیضل پی پی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان کا پارلیمانی حلقہ مرکزی حکومت کے ماتحت آتا ہے اس لئے بطور رکن پارلیمان وزیر داخلہ سے ملاقات انتظامی نوعیت کی ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لکشدیپ میں اکثریت مسلمانوں کی ہے اور وہ ایک جزیرے میں رہتے ہیں، وہاں درج فہرست قبائل کے تعلق سے قانون میں کچھ خامیاں ہیں، جس کی درستگی کے مطالبہ کے ساتھ یہ میٹنگ ہوئی۔
'قانون میں خامی کے سبب تقریبا دو ہزار بچے متاثر ہیں' انہوں نے بتایا کہ اس قانون میں خامی کی وجہ سے تقریبا دو ہزار بچے متاثر ہیں۔ ایس ٹی کے زمرہ میں تحفظات کے حصول کے لئے جو سرٹیفکٹ بنتا ہے اس کے لئے والدین کا ایس ٹی ہونا ضروری ہے جبکہ کئی خاندان ایسے ہیں جن کی شادیاں باہر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہم نے امت شاہ کے سامنے یہی مطالبہ رکھا ہے کہ وہ اس قانون میں ترمیم کریں اور والدین میں کسی ایک کے ایس ٹی ہونے کو کافی مانا جائے۔