دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حج کمیٹی کی درخواست پر حکومت دہلی کے ڈائرکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسیز کی جانب سے گذشتہ 11 مئی کو حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکلر نمبر 15 کے ذریعہ ریاست دہلی کے 366 منتخب ویٹنگ لسٹ عازمین حج کو میڈیکل اسکریننگ اور ہیلتھ سرٹیفکٹ جاری کرنے کے لیے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم کی تعیناتی کردی گئی ہے۔ یہ ٹیم 16 مئی 2023 صبح دس بجے سے اپنا کام انجام دینا شروع کردے گی۔
واضح ہو کہ ویٹنگ لسٹ عازمین کی فہرست میں سے کل 366 عازمین کے انتخاب کے بعد انہیں اپنی حج کی کُل رقم جمع کرانے کے بعد 17 مئی تک اپنے پاسپورٹ اور میڈیل سرٹیفکٹ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں جمع کرانا لازمی ہے۔ عازمین کو سرکاری ڈاکٹر سے میڈیکل سرٹیفکٹ بنوانے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ اسی کے پیش نظر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے ڈائرکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسیز سے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی اور اس کے لیے آج حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں نے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر انیتا پتھرولیا کے ساتھ خصوصی تبادلہ خیال کیا۔