نئی دہلی: بی جے پی پر دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات نہ کرانے کا الزام لگاتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر انتخابات میں رخنہ ڈالنے کا الزام عائد کیا۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ سپریم کورٹ نے میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات پہلی میٹنگ میں کرانے کا حکم دیا ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کے بغیر اجلاس ختم نہیں ہوگا۔ چاہے ایوان کئی دن چلتا رہے۔ عام آدمی پارٹی کے میئر اور ڈپٹی میئر بن گئے ہیں اورا سٹینڈنگ کمیٹی بھی آپ کی بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نیت پہلے دن سے خراب ہے۔ پچھلے دو گھنٹے سے نو منتخب میئر کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے بی جے پی کونسلر موبائل پر ہنگامہ برپا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کونسلر الیکشن نہ کرانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ تینوں انتخابات پہلی کارپوریشن میٹنگ میں کرائے جائیں گے۔ ایسی صورتحال میں میئر قائمہ کمیٹی کا انتخاب آج ہی کرائیں گے۔ چاہے ایوان کئی دن چلتا رہے۔ ہم یہاں سے الیکشن کرانے کے بعد ہی اٹھیں گے۔ الیکشن سے قبل ایوان کو ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی صرف شکست کے خوف سے بھاگ رہی ہے۔