نئی دہلی: جمعہ کی شام، دہلی کانگریس کے نائب صدر اور حال ہی میں ایم سی ڈی انتخابات میں جیت درج کرنے والے دو کونسلروں نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مذکورہ کانگریس لیڈر نے AAP لیڈر درگیش پاٹھک کی موجودگی میں AAP میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کے خلاف جمعہ کی شب مصطفی آباد میں عام لوگوں نے احتجاج کیا۔ ان کانگریس لیڈروں کے پتلے نذر آتش کیے گئے اور وہ رات تک سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے۔ Ali Mehndi Returned to Congress at Midnight
شمال مشرقی دہلی کے مصطفی آباد اسمبلی کے تحت برج پوری وارڈ سے کانگریس کے ٹکٹ پر جیتنے والی نازیہ اور مصطفی آباد سے سبیلا بیگم نے عام آدمی پارٹی کے میونسپل انچارج درگیش پاٹھک کی موجودگی میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کی وجہ سے لوگ کافی ناراض تھے۔ جس کے بعد ان کانگریس لیڈروں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا تھا، احتجاج میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا ہے، ایسے میں نو منتخب کونسلروں کی پارٹی بدلنا ووٹروں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ جس کے بعد ریاستی کانگریس کے نائب صدر علی مہندی رات دیر گئے کانگریس میں واپس آگئے۔ ان کے ساتھ اے اے پی میں شامل ہونے والے دو کونسلروں کے بارے میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے، وہ کانگریس میں ہی رہیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔