کسانوں کی تحریک آج 71 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔ ادھر حزب اختلاف کے رہنماؤں کا وفد آج کسانوں سے ملنے غازی پور بارڈر پہنچا۔
اس وفد میں سابق مرکزی وزیر خوراک ہرسمرت کور بادل بھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی سختی اور اتنی سکیورٹی تو پاکستان کے بارڈر پر بھی نہیں ہے۔
این سی پی کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے کہا کہ ہم کسانوں سے ملنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام کسانوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کریں اور ان کے ساتھ انصاف کریں۔
واضح رہے کہ احتجاج کرنے والے کسانوں کو اب حزب اختلاف کی طرف کھلی حمایت حاصل ہورہی ہے۔ اب تک، بہت سے رہنما غازی پور بارڈر اور دیگر دھرنا مقامات پر پہنچ چکے ہیں اور کسانوں کو اپنا تعاون دے چکے ہیں۔