منیش سسودیا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے آج مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویا کو ایک خط لکھا اور اپیل کی کہ دہلی حکومت دارالحکومت میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تحقیقات کرنا چاہتی ہے،
اس کے لیے دہلی حکومت نے اعلی سطح کے ماہرین کی ایک انکوائری کمیٹی بھی بنائی گئی جسے لیفٹیننٹ گورنر نے مسترد کردیا۔ اگر مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ دہلی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کے صحیح اعداد و شمار سامنے آئیں تو دہلی حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کو منظوری دی جائے۔
نائب وزیراعلی نے کہا کہ یہ خیال کرنا غلط ہوگا کہ دہلی میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کوئی موت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ٹیسٹ کے آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اموات کی تعداد بتانا مشکل ہوگا۔ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ دہلی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اموات ہوئی ہیں۔ دہلی میں اب تک تقریبا 25 ہزار افراد کورونا سے مر چکے ہیں ، لیکن یہ معلوم نہیں ہے کہ اس میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کتنی اموات ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل مرکزی حکومت نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر حساس رویہ اپناتے ہوئے یہ ماننے سے انکار کر دیا تھا کہ ملک میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کوئی اموات نہیں ہوئیں۔ لیکن عدالت کی سرزنش کے بعد اب یہ ریاستوں سے ڈیٹا مانگ رہی ہے۔