نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو منی پور میں حالیہ تشدد پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک ہولناک سانحہ سامنے آ رہا ہے جب کہ وزیر اعظم "اپنی تاجپوشی" میں مست ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں ایک وفد منی پور کی صورتحال کے حوالے سے منگل کی صبح صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ منی پور میں تشدد کے 25 دن بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے امپھال دورے کے موقع پر حالات بد سے بدتر ہو گئے ہیں۔ رمیش نے ٹویٹر پر کہا کہ دفعہ 355 کے نفاذ کے باوجود ریاست میں امن و امان اور انتظامیہ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ منی پور میں ایک خوفناک سانحہ سامنے آ رہا ہے جب کہ وزیر اعظم اپنی 'خود کی تاجپوشی' میں مصروف ہیں۔ مودی کی طرف سے امن و امان کی ایک بھی اپیل نہیں کی گئی اور نہ ہی برادریوں کے درمیان اعتماد بحال کرنے کی کوئی حقیقی کوشش کی گئی ہے۔