مولانا محمود مدنی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس ٹی وی نلوڈے اور جسٹس ایم جی سیولکر کی بنچ کا فیصلہ ایک ایسا صاف شفاف آئینہ ہے جس میں مرکزی و ریاستی حکومتیں اپنا چہرہ دیکھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں جن نکات پر روشنی ڈالی ہے ان سے فرقہ پرستی اور فاشزم کو مایوسی اور شکست ہو ئی ہے اور انصاف کے طلب گاروں کو فتح ملی ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے سرکار اور میڈیا کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے تبلیغی جماعت کے کارکنان پر لگائے گئے سارے الزامات کو خارج کردیا اور سرکار سے پوچھا ہے کہ ”کیا ہم نے مہمانوں سے اپنی عظیم روایت اور وراثت کے مطابق سلوک کیا ہے؟ کووِڈ۔19 کی پیدا شدہ صورت حال میں ہمیں اپنے مہمانوں کے تئیں زیادہ حساس اور زیادہ قابل رحم ہو نا چاہیے، لیکن ہم نے ان کی مدد کرنے کے بجائے ان کو جیلوں کے اندر بند کردیا اور ان پر سفری قانون کی خلاف ورزی اور بیماری پھیلانے کا الزام لگا دیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ”ویز ا ضوابط کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ پتہ چلتا ہے کہ ویزا کی حالیہ تجدید شدہ دستی مینویل کے تحت بھی غیر ملکیوں کے لیے مذہبی مقامات کی زیارت اور مذہبی مباحثے میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہ بات غلط ہے کہ یہ غیر ملکی دوسرے مذہب کے لوگوں کو اسلام کی دعوت دینے کا کام کرتے ہیں۔ عدالت نے میڈیا کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے ان غیر ملکیوں کے خلاف بڑا پروپیگنڈا کھڑا کیا کہ یہی لوگ بھارت میں کرونا وائرس پھیلانے کے ذمہ دار ہیں اور اس طرح سے ان کو اذیتیوں میں مبتلا کرنے کی کوشش کی گئی۔