نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی آج نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ بی جے پی کے ذرائع کے مطابق منگل کو بی جے پی لیڈروں نے قومی راجدھانی دہلی میں ایک میٹنگ کی، جس میں 2024 کے عام انتخابات کے پروگرامز پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے این ڈی اے کے ممبران پارلیمنٹ کے 10 گروپ بنائے گئے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق آج سے شروع ہونے والی این ڈی اے ارکان پارلیمنٹ کی یہ میٹنگ 11 دن تک جاری رہے گی۔
یہ گروپ اتحادی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیوں میں زیادہ تال میل لانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر بنائے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج شام چھ بجے مہاراشٹرا سدن میں مغربی اتر پردیش، بندیل کھنڈ اور برج علاقے کے این ڈی اے ممبران پارلیمنٹ کے گروپوں کے ساتھ کلسٹر 1 میٹنگ کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امت شاہ بھی میٹنگ میں موجود ہوں گے۔
مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ کے گروپوں کے ساتھ کلسٹر-2 میٹنگیں آج شام 7 بجے پارلیمنٹ انیکسی بلڈنگ میں طے ہیں۔ اس میٹنگ میں امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ موجود رہیں گے۔ پی ایم مودی کو ہر گروپ کی میٹنگ کی صدارت کرنی ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے دن کی میٹنگ میں اتر پردیش، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور اڈیشہ کے ارکان پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔