نئی دہلی:لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج نئی دہلی میں آل انڈیا ویدک سائنس کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر نریندر سنگھ تومر موجود تھے۔ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ ویدوں نے ہمارے عظیم بزرگوں کی حکمت کے ایک شاندار سنگم کی شکل میں زمانہ قدیم سے دنیا کی رہنمائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویدوں نے انسانیت کو سچائی، انصاف اور اخلاقیات پر مبنی بامقصد زندگی گزارنے کا راستہ دکھایا ہے۔ برلا نے مزید کہا کہ مختلف ادوار میں ویدوں پر وسیع تحقیق کی گئی ہے اور ہر بار یہ ثابت ہوا ہے کہ ویدوں میں جو کہا گیا ہے وہ سچ ہے۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ وید ہمارے ہر تجسس کا جواب دیتے ہیں اور انسانیت کو درپیش چیلنجوں کا حل بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویدوں سے حاصل کردہ سمت، علم اور غور و فکر پوری مخلوق کے لیے فائدہ مند ہے۔