نئی دہلی:اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے جمعرات کو لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہو سکا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ جیسے ہی ایوان 11 بجے شروع ہوا، کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال کو بتایا کہ تمام ممبران لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو پوڈیم پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم لوگوں کے جو بھی مسائل ہوں گے، انہیں سلجھالیں گے۔ ہم سب اسپیکر کو سیٹ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ ہمارے جذبات اور درخواستیں اسپیکر تک پہنچائیں اور انہیں بلائیں۔ ‘‘
اس پر اگروال نے کہا ’’آپ کے جذبات کو اسپیکر تک پہنچادیا جائے گا۔ ‘‘ اس کے بعد وقفہ سوال شروع کرتے ہوئے اگروال نے سوال پوچھنے کے لیے ممبر کا نام پکارا۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر ایوان کے وسط میں آئے اور شور مچانا شروع کردیا۔ انہوں نے نعرے لگائے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ وہ منی پور پر بحث کرنے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ایوان میں آنے کی مانگ کرتے ہوئے نعرے بازی اور ہنگامہ کرنے لگے۔